Header Ads

NRC Book Ijra Program By Noori Academy


این آر سی کے موضوع پر اُردو زبان میں شائع ہونے والی پہلی ، منفرد اور مستندکتاب کا اجراء

 17 نومبربروز اتوار2019ءکو حج ٹریننگ سینٹر اسکول نمبر1قدوائی روڈ مالیگاں (مہاراشٹر) میں نوری اکیڈمی کی جانب سے ملک کے سلگتے ہوئے مسئلے ” این آر سی“ پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں این آر سی کے متعلق معلومات فراہم کی گئی اور نوری اکیڈمی کے ڈائریکٹر عطاءالرحمن نوری کی کتاب ” این آر سی : اندیشے مسائل اور حل “  کا اجراءعمل میں آیا۔ تحریک سنّی دعوت اسلامی شاخ مالیگاں کے نگراں مولانا سید محمد امین القادری صاحب نے خطبہ صدارت  میں کہا کہ اسلام میں اظہار نسب اور اظہار وطن کی بڑی اہمیت ہے۔غلط نسب اورغلط وطن منسوب کرنے والوں پر لعنت بھیجی گئی ہے ۔ کئی صحابہ کرام برسوں تک مکہ میں رہیں مگر مکی نہیں کہلائے بلکہ انھیں ان کے ملکوں سے یاد کیا گیا ہے جیسے حضرت بلال کوبلال حبشی ،حضرت سلمان کوسلمان فارسی اور حضرت صہیب کو صہیب رومی وغیرہ۔ثبوت شہریت پر گفتگو کرتے ہوئے آپ نے مسلمانوں میں تعلیم کی کمی کو این آر سی کے متعلق خوف وہراس کا بنیادی سبب بتایا ۔آپ نے تعلیم کے میدان میں منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تجویز پیش کی۔ 

شیدا حسین میرٹھی صاحب (چیئرمین شیدا اُردو ہائی اسکول)نے کتاب کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ 
 ایڈوکیٹ مومن مصدق احمد صاحب (ممبئی ہائی کورٹ)نے آسام این آر سی پر مدلل گفتگو کی۔آپ نے سماج میں موجودغلط فہمیوں کی جانب واضح اشارات پیش کیے ۔ آپ نے کہا  کہ سوشل میڈیا اور سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے کی بجائے اہل علم اور قانون کے ماہرین سے رابطہ کرکے ہرمسئلے کاصحیح حل معلوم کرنا چاہیے۔ آپ نے اس کتاب کو این آر سی کے موضوع پر اب تک اُردو زبان میں شائع ہونے والی پہلی ، منفرد، جامع اور مستندکتاب قرار دی اوراُمید ظاہرکی آئندہ جب کبھی بھی اس عنوان پر کام کیا جائے گا تو اس کتاب کو یقینا بنیادی ماخذ اور بطور حوالے کے استعمال کیا جائے گا ۔

 ڈاکٹر منظور حسن ایوبی صاحب (چیئرمین سٹیزن کیمپس) نے نوری اکیڈمی کی کاوشوں کی سراہنا کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ کتاب مسلمانوں کے خوف وہراس کو یقینا کم کرے گی۔
   جناب عبدالوہاب سر(چیئرمین اُمید ہائی اسکول ) نے کہا کہ پروگرام کا جم غفیر اس بات کا اظہار کر رہا ہے کہ ہماری اکثریت این آر سی کے حوالے سے کتنی بے چین و بے قرار ہے۔عطاءالرحمن نوری نے اپنی عمر سے زیادہ بڑا کام کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف عوام کی رہنمائی کی ہے بلکہ خواص کے لیے بھی دوسروں کی رہنمائی کرنے کا ذریعہ کتابی صورت میں فراہم کر دیا ہے۔اب اہل علم کی ذمہ داری ہے کہ اس کتاب سے استفادہ کریں اور لوگوں کے شکوک و شبہات کو دور کریں۔
        عطاءالرحمن نوری نے اپنی تقریر میں یہ بتایا کہ انہوں نے یہ کتاب کیوں ترتیب دی اور انھیں یہ کتاب لکھنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی۔ کتاب کے ماخذات کے حوالے سے عطاءالرحمن نوری نے کہا کہ اس کتاب کی تیاری میں تمام بنیادی اور اوّل ذرائع کا استعمال کیا  گیا ہے اس لیے اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہ کتاب تین آئی اے ایس آفیسر، دو ریسرچ اسکالرز اور ممبئی ہائی کورٹ کے ایک وکیل کی رہنمائی میں مفاد عامہ کی خاطر تحریر کی گئی مفید و دستاویزی کتاب ہے ۔آپ نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کتاب کی تیاری اور پروگرام کے انعقاد میں دامے درمے قدمے سخنے مدد کی۔موصوف نے اس بات کا اعلان کیا کہ کتاب میں موجود تمام معلومات کو ویڈیو لیکچر کی شکل میں نوری اکیڈمی پر اپلوڈ کیا جائے گا۔ 

        وقت کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہوئے این آر سی جیسے سلگتے اور اہم موضوع پر قلم اُٹھانے ، دستور ہند اور قانون کی روشنی میں اس اہم مسئلے کا حل پیش کرنے پر حوصلہ افزائی کے مقصد سے کئی اداروں کی جانب سے عطاءالرحمن نوری کا استقبال کیا گیا۔ البرکات فانڈیشن کی جانب سے موصوف کو سپاس نامہ و ٹرافی بطور اعزاز پیش کی گئی۔
  نوری اکیڈمی کے ایک اہم رُکن آصف ایم آر نے کہا کہ ہم نے اس کتاب کو پورے ملک میں پہنچانے کا بیڑہ اُٹھایا ہے،ہر ریاست کے بُک اسٹال مالکان سے رابطہ کیا جا رہا ہے ،نوری اکیڈمی کی ویب سائٹ سے آن لائن آرڈرکیا جا سکتا ہے، بذریعہ پوسٹ بھی اسے پہنچایا جائے گااور عنقریب امیزون اور فلپ کارٹ پر بھی لانچ کیا جائے گا۔



        حافظ غفران اشرفی صاحب نے قرآن مجید کی تلاوت کی ، افضال انصاری سر نے مترنم آواز میں نعت مبارکہ پیش کی، محترم رضوان ربانی سر نے پروگرام کے اغراض ومقاصد بیان کیے اورنظامت کے فرائض مختار عدیل صاحب (نامہ نگار انقلاب)نے انجام دیے۔



 سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی صاحب نے تحریری تاثر پیش کیا کہ کتابوں کے اجرا کی تقریبات میں اکثر شرکت کا موقع ملتا رہتا ہے۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ اختتام پر بہت کم لوگ تازہ شائع شدہ کتابیں لے کر جاتے ہیں لیکن کل ہم نے یہ منظر بھی دیکھا کہ برادرم عطاءالرحمن نوری کی این آر سی کے موضوع پر لکھی گئی کتاب کی رونمائی کے بعد جملہ شرکا کے ہاتھوں میں کتاب نظر آرہی تھی۔ اللہ پاک اس کتاب کو مقبول خاص و عام فرمائے - آمین

No comments